ایرانی پارلیمنٹ مجلس شورائے اسلامی کے اسپیکر محمد باقر قالیباف نے ہفتے کے روز پارلیمنٹ کے اجلاس میں، سویڈن کی حکومت کی جانب سے قرآن مجید کی توہین کی مذمت کرتے ہوئے کہا: اس مذموم قدم کی مخالفت کا سویڈن کی حکومت کا دعوی سچا نہيں ہے کیونکہ اس نے اس طرح کے اقدامات کو روکنے کے لئے کوئي موثر قدم نہیں اٹھایا۔
انہوں نے کہا: پوری دنیا کے مسلمانوں کے جذبات کو مجروح کرنے اور ان کے دینی عقائد کی توہین کی قیمت ادا کرنی ہوگی اور سويڈن کی حکومت کو اس طرح کی بے حرمتی کا جواب دینا ہوگا۔
ایران کے اسپیکر نے زور دیا: پورے ملک میں گزشتہ روز ایرانی قوم نے اس مذموم حرکت کی مخالفت میں جس جوش و خروش کے ساتھ مظاہرے کئے ہيں وہ ضروری اور بروقت تھے۔
انہوں نے کہا: توقع ہے کہ اسلامی حکومتیں اور امت مسلمہ، بے حرمتی کرنے والے شیطانی افراد کے سامنے اتحاد و دینی غیرت کا مظاہرہ کرے گي۔
واضح رہے ایرانی پارلیمنٹ کے اراکین نے بھی کچھ یورپی ملکوں میں قرآن مجید کی بے حرمتی پر احتجاج کرتے ہوئے اجلاس کے آغاز میں دعائے ختم قرآن کی تلاوت کی اور برطانیہ مردہ باد اور امریکہ مردہ باد کے نعرے لگائے۔
آپ کا تبصرہ